پڈوبیدری،6؍نومبر (ایس او نیوز) ہیجماڈی کوڈی میں واقع میں کامنی ندی تیرنے کے دوران دو طالب علم پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔ مہلوکین شناخت محسن (16سال) اور محمد رئیس (16سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
پڈوبیدری پولیس نے بتایا کہ محسن ، محمد رئیس اور نبیل نامی تین دوست ندی کے اس کنارے پر پہنچ گئے تھے جہاں سے وہ سمندر میں داخل ہوجاتی ہے۔ پھر دو دوست پانی میں تیرنے کے لئے اتر گئے جبکہ تیسرا دوست کنارے پر ہی رکا رہا۔جب دونوں پانی میں غرق ہونے لگے تو کنارے پر کھڑے دوست نے چیخ وپکار مچائی جسے سن کر اطراف کے لوگ مدد کے لئے دوڑ پڑے۔لیکن جب تک ان بچوں کو پانی سے باہر نکالا جاتا تب تک محسن دم توڑ چکا تھا۔ رئیس کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر اس کی جان بچانا ممکن نہیں ہوسکا۔
مقامی ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ جس جگہ یہ لڑکے ڈوب کر ہلاک ہوئے ہیں وہ ایک خطرناک مقام ہے اس لئے ماہی گیر ان بچوں کو وہاں پر تیرنے یا پانی میں اترنے سے بار بار منع کیا کرتے تھے، لیکن بچے اکثر ماہی گیروں کی نظریں بچاکر وہاں پر تیرنے کے لئےپہنچ جاتے تھے۔
الازہر اسکول کے ذمہ داران نے بتایا کہ محسن ، رئیس اور نبیل تینوں بچپن سے گہرے دوست اور بڑے ذہین طالب علم تھے۔رئیس فٹ بال کا ایک بہترین کھلاڑی تھا اور مختلف مقابلوں میں اپنے اسکول کی نمائندگی کیا کرتاتھا۔فی الحال ان تینوں نےہیجماڈی کے الالزہر اسکول سے ایس ایس ایل سی کا امتحان پاس کیا تھااور پی یو سی فرسٹ ایئر کے لئے مولکی کے کالج میں داخلہ لیا تھا۔